(4 نومبر 2026): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کا بلڈ پریشر ٹھیک نہیں ہو رہا، 192 تک بڑھ چکا۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکر راجہ نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) ایک ساتھ بیٹھیں گے، ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو معاملات کا حل نکالے گی۔
محمود اچکزئی
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی کردارکشی کی جا رہی ہے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے متعلق کمیٹی بنائی گئی ہے جس کا اجلاس اسی ماہ ہوگا۔
محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے درمیان اتفاق رائے کیلیے ایک کمیٹی بنی ہے، پاکستان بھر میں اتحاد قائم کیا ہے اور متفقہ مزاحمت کریں گے۔
راجہ ناصر عباس
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ کے پی میں گورنر راج لگا کر مینڈیٹ پر حملہ کیا گیا، حکومت کے وزرا نے بھی کہا کہ سسٹم ناکام ہوگیا ہے، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، ملک میں جو مسائل ہیں ہم اسے ٹھیک کرنے کیلیے تیار ہیں، یہ سسٹم جب سے آیا ہے اس کی پہلی اینٹ ہی ٹیڑھی ہے، کے پی میں ایمرجنسی لگائی گئی اور عوام کو کہا گیا کہ مینڈیٹ کو نہیں مانتے۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اے پی سی کی حتمی تاریخی کمیٹی مشاورت کے بعد طے کرے گی، اے پی سی کوآرڈینیٹر خالد چوہدری اور حسین یوسفزئی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کو خطرہ ہے حکومت نے ریڈ لائن کراس کر لی۔

