کراچی: محکمہ ریلوے نے آؤٹ سورس ٹرینوں میں تمام جائز رعایتی سفری سہولیات پر عمل درآمد کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے نجی ٹرین آپریٹرز کو صحافیوں، بزرگ شہریوں اور معذور افراد سمیت اہل مسافروں کو قواعد کے مطابق رعایتیں فراہم کرنے کا پابند قرار دے دیا ہے۔
محکمہ ریلوے نے نجی ٹرین آپریٹرز کو ریلوے ملازمین کے پاسز، پی ٹی اوز اور دیگر خصوصی سفری مراعات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اہل مسافروں کو پاکستان ریلوے کے قواعد اور متعلقہ معاہدے کے تحت جائز رعایتیں دی جائیں۔
محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ نجی ٹرین آپریٹرز کو رعایتی سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اس سے قبل بھی متعدد بار ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، تاہم بزرگ شہریوں، معذور افراد، صحافیوں اور ریلوے ملازمین کو ان کی جائز مراعات فراہم نہ کرنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔
حکام کے مطابق رعایتی سہولیات کی عدم فراہمی کے حوالے سے پاکستان سٹیزن پورٹل اور وفاقی محتسب کو بھی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ ریلوے نے نجی ٹرین آپریٹرز کو معاہدے کی شق 5.15 پر فوری اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نجی ٹرینوں میں رعایتی کوٹہ ٹرین کی روانگی سے 48 گھنٹے قبل ختم ہو جائے گا۔

