کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر گولی لگنے سے زخمی شہری طبی امداد کا انتظار کرتے کرتے دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا، اسٹیل ٹاؤن کے قریب ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا عنایت عباسی آدھے گھنٹے تک ایمبولینس کا انتظار کرتا رہا۔
افسوس ناک طور پر موقع پر موجود افراد زخمی کو اسپتال پہنچانے کے بجائے ویڈیو بناتے رہے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت عنایت عباسی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ پپری کا رہائشی تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب عنایت عباسی اپنے دوست جنید کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ راستے میں ڈاکوؤں نے انہیں گھیر لیا اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی۔
لواحقین نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ قریب ہی موجود ایک سیکیورٹی گارڈ نے جب ڈاکوؤں کو لوٹ مار کرتے دیکھا تو اس نے شور مچا دیا، جس پر بپھرے ہوئے ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، اور اس فائرنگ کے دوران عنایت عباسی کی ٹانگ پر گولی لگ گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی شہری تقریباً آدھے گھنٹے تک ایمبولینس کا انتظار کرتا رہا، پولیس اور ایمبولینس موقع پر پہنچی تو اسے جناح اسپتال منتقل کرنے کے لیے روانہ کیا گیا، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود افراد کی جانب سے زخمی کی مدد کرنے کے بجائے ویڈیو بنانے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔
خیال رہے شہر میں رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

