کراچی : پی آئی اے نے مالدیپ کے لیے جلد براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا اور کہا نئے طیاروں کی آمد کے ساتھ ہی آغاز ہوگا۔
مالدیپ کی نیشنل اسمبلی کے سپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال سی ای او پی آئی اے، ایئر وائس مارشل عامر حیات نے کیا۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے ‘سٹیٹ گیسٹ’ کا درجہ پانے والے اس وفد میں مالدیپ کے ہائی کمشنر، سیکنڈ سیکرٹری، ڈپٹی لیڈر، اور پاکستان-مالدیپ فرینڈشپ گروپ کی کنوینر و رکن قومی اسمبلی محترمہ شائستہ خان بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر مالدیپ کی نیشنل اسمبلی کے سپیکر عبد الرحیم عبداللہ نے کہا کہ براہ راست پروازیں پاکستان اور مالدیپ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی اور باہمی تجارت، سیاحت اور عوامی رابطوں میں اہم پیشرفت کا باعث بنیں گی۔
سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں نئے طیاروں کے شامل ہوتے ہی مالدیپ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور دوست ممالک کو فضائی رابطوں کے ذریعے جوڑنا ایئرلائن کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ ملاقات کے اختتام پر سی ای او نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے۔

