• Home  
  • ریلوے پولیس کی ٹکٹ چیکنگ سے متعلق نئی وضاحت جاری
- پاکستان

ریلوے پولیس کی ٹکٹ چیکنگ سے متعلق نئی وضاحت جاری

کراچی: پاکستان ریلوے میں ٹکٹ چیکنگ کا نظام ریلوے پولیس کے سپرد کیے جانے سے متعلق وضاحت جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت ریلوے پولیس ازخود یا یک طرفہ طور پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی بلکہ کمرشل چیکنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ’ٹکٹ لیس […]

ریلوے پولیس کی ٹکٹ چیکنگ سے متعلق نئی وضاحت جاری

کراچی: پاکستان ریلوے میں ٹکٹ چیکنگ کا نظام ریلوے پولیس کے سپرد کیے جانے سے متعلق وضاحت جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت ریلوے پولیس ازخود یا یک طرفہ طور پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی بلکہ کمرشل چیکنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ’ٹکٹ لیس سفر‘ کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرے گی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر/سینئر جنرل منیجر کی منظوری سے جاری نئی وضاحت کے مطابق ریلوے کمرشل برانچ نے اے آئی جی آپریشنز ریلوے پولیس کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں ٹکٹ چیکنگ کے حوالے سے ریلوے پولیس کے کردار کو واضح کیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق ریلوے پولیس اہلکار ٹرین میں کسی بے ضابطگی کی نشان دہی ہونے پر ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کو آگاہ کر سکتے ہیں، جب کہ کمرشل چیکنگ اسٹاف کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹکٹ لیس ٹریولنگ روکنے کے لیے چیکنگ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

چیف کمرشل منیجر آفس کی جانب سے مشترکہ ٹکٹ چیکنگ کے لیے باقاعدہ ہفتہ وار پروگرام جاری کیا جائے گا، جب کہ چیکنگ متعلقہ ڈی آئی جی ریلوے پولیس کے ساتھ رابطے کے بعد کی جائے گی۔

ریلوے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو ٹرینوں میں ٹکٹ چیکنگ اور انفورسمنٹ میں تعاون کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ خصوصی ٹیمیں ٹکٹ چیکنگ کے دوران ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامنر عملے سے تعاون کریں گی اور ریلوے پولیس، کمرشل برانچ، ٹکٹ چیکرز اور اسٹیشن ماسٹرز کے ساتھ مل کر چیکنگ کرے گی۔

مراسلے میں نشان دہی شدہ ٹرینوں اور اسٹیشنز پر مشترکہ اور سرپرائز چیکنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈیوٹی میں مزاحمت یا مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ریلوے پولیس اہلکاروں کو نظم و ضبط، غیر جانب داری اور ایمان داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جب کہ خصوصی ٹیمیں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر باقاعدہ اور اچانک چیکنگ جاری رکھیں گی۔

ریلوے حکام کے مطابق خصوصی چیکنگ کا مقصد ریلوے آمدن میں اضافہ، بغیر ٹکٹ سفر میں کمی اور مسافروں کے لیے سفری ماحول کو منظم بنانا ہے۔

نئی وضاحت میں واضح کیا گیا ہے کہ ریلوے پولیس خود سے یا یک طرفہ طور پر ٹکٹ لیس مسافروں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی بلکہ ریلوے کمرشل برانچ، ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامنرز، ٹکٹ چیکرز، اسٹیشن ماسٹرز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر بغیر ٹکٹ سفر کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

daily jehanuma  @2026. All Rights Reserved.