کراچی(16 ستمبر 2026): سفاری پارک میں موجود ہتھنی مدھوبالا ممکنہ انفیکشن کے باعث شدید بیمار ہوگئی ہے، اچانک زمین پر گرنے کے بعد اسے اٹھانے کے لیے کرین کی مدد لینا پڑی۔
سفاری پارک انتظامیہ کے مطابق مدھوبالا کی دائیں پچھلی ران پر سوجن موجود ہے جس کے باعث وہ اپنی دائیں پچھلی ٹانگ استعمال کرنے سے قاصر ہے۔ ہتھنی کے پاؤں میں ماضی میں بھی انفیکشن اور پھوڑے کا مسئلہ سامنے آچکا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مدھوبالا کو کیلشیم کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش تھا جو اب بہتر ہو گیا ہے، اور اس کے چند طبی ٹیسٹ بھی کرائے گئے ہیں۔
ویٹرنری ماہر کے مطابق مدھوبالا کو دی جانے والی ادویات میں اینٹی بایوٹک شامل ہے جو ممکنہ بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر دی جارہی ہے، تاہم بیماری کی حتمی وجہ جاننے کے لیے مزید طبی معائنہ ضروری ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ طویل عرصے تک سخت فرش پر رہنا ہاتھیوں میں پاؤں کے مسائل کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔دوسری جانب، کے ایم سی کے ترجمان نے مدھوبالا کی موجودہ صحت کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مدھوبالا کو نومبر 2024 میں کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا جہاں اسے سونیا اور ملکہ کے پاس رکھا گیا تھا، تاہم منتقلی کے تقریباً ایک ماہ بعد ہتھنی سونیا ہلاک ہوگئی تھی۔
