فیصل آباد: ہیلمٹ پہنے شوٹر نے فائرنگ کرکے دودھ فروش کو قتل کردیا، حملہ آور 9 گولیاں مارنے کے بعد موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے بولے دی جھگی میں نامعلوم مسلح ملزم نے فائرنگ کر کے دودھ فروش عبدالسعید کو قتل کر دیا۔
واردات کے بعد حملہ آور موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا، جبکہ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔
پولیس نے بتایا کہ عبدالسعید علی الصبح اپنی دکان بند کر کے گھر جا رہے تھے کہ گلی میں پہلے سے موجود ہیلمٹ پہنے موٹرسائیکل سوار نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، چہرے اور سینے پر متعدد گولیاں لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو گلی میں انتظار کرتے، پھر دودھ فروش پر فائرنگ کرنے اور بعد ازاں موٹرسائیکل پر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
